حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مقامات مقدسہ کی زیارت کے لیے پاکستان سے تشریف لانے والے زائرین کو ایران، عراق میں درپیش مسائل کے حل کے بارے پاکستان سے خدام زائرین کا ایک وفد قم المقدسہ پہونچا جس میں خدام زائرین کے مرکزی صدر جناب سید زوار حسین شاہ، نائب صدر سید امداد حسین شاہ ہمدانی، مرکزی سیکرٹری جنرل ملک عمران اصغر نجفی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل زوار محمد اشرف صدیقی، صوبائی صدر پنجاب سید نثار حسین شاہ شامل ہیں۔
وفد نے دفتر قائد ملت جعفریہ قم کے مدیر محترم حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید ظفر علی شاہ نقوی اور جناب سید ناصر عباس انقلابی شعبہ امور زائرین سے ملاقات کی۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مدیر دفتر قائد ملت جعفریہ قم جناب نقوی نے کہا کہ پاکستان کے زائرین کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون سے دریغ نہیں کروں گا۔
اس سلسلے میں ان کی کوششوں سے پاکستان سے آئے ہوئے وفد کا قم صوبہ کے مختلف ذمہ دار افراد سے ملاقاتیں ہوئیں۔ ان میں سے سر فہرست جناب حجت الاسلام والمسلمین حاج حسین احمدی قمی صاحب سربراہ بازسازی عتبات عالیات قم المقدسہ تھے جن سے قائد ملت کے دفتر میں تفصیلی گفتگو ہوئی، آقای حاج حسین احمدی قمی نے وفد کی گفتگو غور سے سنی اور ان مسائل کے حل کے لیے یقین دہانی کرائی۔